سری دیوی سخت ڈائٹ کرتی تھیں: بونی کپور کے انکشافات

ممبئی:(شوبز ڈیسک ۔یہ پاکستان)اس وقت ایسی رپورٹس بھی تھیں کہ ممکنہ طور پر سری دیوی نے زیادہ شراب نوشی کی تھی، جس وجہ سے وہ بے ہوش ہوئیں اور بعد ازاں باتھ ٹب میں ڈوب کر چل بسیں لیکن ایسی رپورٹس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
گزشتہ 6 سال کے دوران سری دیوی کی موت کی واضح وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، البتہ دبئی پولیس اور انتظامیہ نے بتایا تھا کہ اداکارہ کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی تھی۔
اب اہلیہ کے انتقال کے 6 سال بعد بونی کپور نے پہلی بار مذکورہ معاملے پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سری دیوی کی موت کے بعد وہ 48 گھنٹوں تک زیر تفتیش رہے۔انہوں نے ’دی نیو انڈین‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ پولیس نے سچ کو جاننے کے لیے ان کے متعدد ٹیسٹس بھی کیے اور جھوٹ پکڑنے والے سافٹ ویئرز سے بھی انہیں گزارا گیا اور ان سے انتہائی سخت سوالات کرکے انہیں زیر حراست رکھا گیا۔ان کے مطابق اگرچہ دبئی پولیس کو جلد ہی احساس ہوگیا تھا کہ انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا بلکہ سب کچھ حادثاتی طور پر ہوا ہے لیکن اس باوجود انہوں نے تفتیش جاری رکھی، کیوں کہ ان پر بھارتی میڈیا کا دباؤ تھا۔
بونی کپور نے طویل انٹرویو میں یہ انکشافات بھی کیے کہ ان کی اہلیہ خوبصورت اور پرکشش نظر آنے کے لیے انتہائی سخت ڈائٹ کرتی تھیں۔ان کے مطابق سری دیوی جوانی کے وقت سے ہی ڈائٹ پر تھیں، وہ اسکرین پر زیادہ خوبصورت اور پرکشش دکھنے کی خواہاں ہوتی تھیں اور اس کے لیے ہر کام کرتی تھیں۔بونی کپور کا کہنا تھا کہ شادی کے چند ماہ بعد ہی سری دیوی نے سخت ڈائٹ شروع کردی تھی، جس پر وہ انہیں متعدد بار سمجھاتے بھی رہےلیکن انہوں نے کبھی ان کی بات نہیں مانی۔
خیال رہے کہ بونی کپور اور سری دیوی نے 1996 میں شادی کی تھی، اداکارہ سے بونی کپور کی دوسری شادی تھی۔شادی کے ایک سال بعد 1997 میں دونوں کے ہاں بڑی جھانوی کپور جب کہ 1998 میں دوسری بیٹی خوشی کپور کی پیدائش ہوئی۔
بونی کپور نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سری دیوی نمک کے بغیر کھانا کھاتی تھیں، انہوں نے کبھی نمک استعمال نہیں کیا۔فلم پروڈیوسر کے مطابق سری دیوی کو لو بلڈ پریشر کا مسئلہ بھی تھا، جس وجہ سے ڈاکٹرز خود انہیں مشورہ دے چکے تھے کہ انہیں نمک کا استعمال کرنا چاہئیے۔انہوں نے بتایا کہ نمک کا استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ہی انہیں لو بلڈ پریشر کا مسئلہ ہوا اور وہ متعدد بار پہلے بھی بے ہوش ہوچکی تھیں، جس پر انہوں نے انہیں لازمی نمک کے استعمال کی ہدایت بھی کی۔بونی کپور کے مطابق سری دیوی کی موت کے بعد ایک جنوبی بھارتی اداکار جب تعزیت کے لیے آئے تو انہوں نے بھی بتایا کہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران سری دیوی بے ہوش ہوکر باتھ روم میں گر گئیں، جہاں ان کے دانت ٹوٹے تھے۔
فلم ساز کے مطابق انہیں علم تھا کہ سری دیوی کے دانت ٹوٹے تھے اور انہوں نے مصنوعی دانت لگوائے ہوئے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اور ان کی بیٹیاں سری دیوی کو نمک کا لازمی استعمال کرنے کی ہدایت کرتے رہے لیکن انہوں نے ان کی ایک بات نہ سنی۔انہوں نے بتایا کہ سری دیوی کے ذہن میں یہ بات بیٹھ چکی تھی کہ نمک کے استعمال سے ان کا جسم پھول جائے گا، ان کے جسم میں پانی بھر جائے گا، چہرے کی کشش ختم ہوجائے گی، اس لیے انہوں نے نمک کا استعمال چھوڑ دیا تھا۔ان کے مطابق وہ جہاں بھی ان کے ساتھ باہر کھانا کھانے جاتیں تو نمک کے بغیر کھانا آرڈر کرتیں اور ایسی عادت کی وجہ سے ان کا بلڈ پریشر کم رہتا، جس وجہ سے وہ متعدد بار بے ہوش بھی ہوئیں۔بونی کپور کے مطابق دبئی میں بھی وہ اسی طرح بے ہوش ہوگئیں، جس کے بعد وہ اس بار بچ نہ سکیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی زندگی کی آخری 15 منٹ کی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ اداکارہ کی موت باتھ روم میں نہانے کے دوران ’باتھ ٹب‘ میں ہی ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سری دیوی نے تیار ہونے کے لیے شوہر سے 15 منٹ مانگے، اور وہ نہانے کے لیے باتھ روم چلی گئیں۔جب سری دیوی نے باتھ روم سے باہر آنے میں زیادہ وقت لیا تو بونی کپور نے دروازہ کھٹکھٹا کر انہیں باہر آنے کے لیے کہا، مگر اندر سے کوئی آواز نہ آئی، جس پر بونی کپور نے کسی طرح باتھ روم کا دروازہ خود کھولا اور اہلیہ کو پانی سے بھرے باتھ ٹپ میں بے جان دیکھ کر حیران رہ گئے۔سری دیوی کی موت کی تحقیقات دبئی اور بھارت کی پولیس کرتی رہی مگر یہ ایک حادثہ ثابت ہونے پر تحقیقات بند کر دی گئیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں