ملال ہے،ہمیشہ غلط فیصلے کئے۔۔۔۔ایکٹر آغا علی
میرے بارے میں یہ سوچا جاتا ہے کہ میں تعلقات نبھانے میں اچھا نہیں ،جب کہ ایسی کوئی بات نہیں، میں بہترشخصیت اور طبیعت کا مالک ہوں، میں تعلقات کو خراب کرنے والے ذہنیت کا مالک نہیں:ایکٹر
لاہور(شوبز ڈیسک۔ یہ پاکستان )اداکار آغا علی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے رشتوں، تعلقات اور کاروبار سمیت اسی طرح کے دوسرے معاملات میں متعدد غلط فیصلے کیے۔آغا علی نے حال ہی میں وصی شاہ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کی عمر پانچ سال تھی، تب ان کے والد آغا سکندر علی انتقال کر گئے تھے اور ان کی والدہ نے تین بچوں کی تنہا پرورش کی۔اداکار نے بتایا کہ کیریئر بنانے کے لیے جب وہ لاہور سے کراچی منتقل ہوئے تو انہوں نے بہت مشکلات دیکھیں، وہ کرائے کے مکان کے بیسمنٹ میں رہتے تھے، جہاں ایک رات وہ 11 گھنٹے تک افسردہ رہے، روتے رہے لیکن آج وہ پورے کراچی میں مشہور ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں آغا علی نے بتایا کہ حال ہی میں انٹرنیٹ پر نہ جانے کیوں لوگوں نے ان سے متعلق غلط دعوے کرنا شروع کیے۔انہوں نے بتایا کہ ان سے متعلق دعوے کیے گئے کہ اداکار کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ تعلقات نبھانے میں اچھے نہیں ہیں جب کہ ایسی کوئی بات نہیں، وہ بہترین شخصیت اور طبیعت کے مالک ہیں، وہ تعلقات کو خراب کرنے والی ذہنیت کے نہیں ہیں۔
آغا علی نے ایک اور سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل جب انہوں نے اپنا ای میل چیک کیا تو ایک لڑکی نے اپنی بہت ساری تصاویر بھیج کر انہیں شادی کی پیش کش کر رکھی تھی۔
اداکار لڑکی کی جانب سے ای میل پر آن لائن شادی کی پیش کش پر ہنس پڑے اور ساتھ ہی مذکورہ نامعلوم لڑکی کو مخاطب ہوکر انہیں مشورہ دیا کہ شادی کی پیش کش ای میل پر نہیں کی جاتی۔آغا علی نے ایک اور سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ بطور انسان ان سے بھی کچھ غلط فیصلے ہوئے، حالانکہ انہوں نے ہر فیصلہ کرنے سے قبل اس پر سنجیدگی سے غور کیا لیکن اس باوجود کچھ فیصلے غلط ہوئے۔







