شوہر کے کلاس فیلو نے دھوکا دیا ،ایک سال تک اس کے غم میں ڈوبی رہی:صحیفہ جبار

ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار نے انکشاف کیا ، وہ اپنے متعدد بوائے فریںڈز کی شادیوں میں جا چکی ہیں لیکن ان کی شادی میں کوئی نہیں آیا، شادی سے قبل ان کے تعلقات شوہر کے کلاس فیلو سے تھے اور دونوں ملاقاتیں کرتے رہے تھے
کراچی :(شوبز ڈیسک)اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوہر کے کلاس فیلو لڑکے نے انہیں دھوکا دیا اور وہ ایک سال تک اس کے غم میں ڈوبی رہیں۔ایک پوڈ کاسٹ میں صحیفہ جبار نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے متعدد بوائے فریںڈز کی شادیوں میں جا چکی ہیں لیکن ان کی شادی میں کوئی نہیں آیا۔اداکارہ نے دیگر بوائے فرینڈز سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں لیکن بتایا کہ وہ اپنے تمام سابق دوستوں کی شادیوں میں شرکت کر چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے سابق دوستوں نے ان کی شادی سے بعد میں شادیاں کیں اور وہ تمام بوائے فریںڈز کی شادیوں میں گئیں۔
صحیفہ جبار کا کہنا تھا کہ جس وقت ان کے سابق بوائے فرینڈز کی شادیاں ہوئیں اس وقت تک وہ بچے نہیں رہے تھے، وہ سب سمجھدار ہوگئے تھے، اس لیے سب کو کوئی فرق نہیں پڑا اور سب ایک دوسرے کو معاف کر چکے تھے۔ماڈل و اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ اپنے تمام بوائے فریںڈز کی بیویوں کے مقابلے زیادہ خوبصورت بھی ہیں اور وہ تمام کی شادیوں میں فل تیار ہوکر گئی تھیں۔
انہوں نے ایک بوائے فرینڈ کی شادی کا قصہ بتاتے ہوئے بتایا کہ ان کی ٹیم نے انہیں مکمل طور پر تیار کرکے بھیجا اور انہوں نے جاکر سابق دوست کو شادی کے موقع پر گلے لگا کر رشتہ ازدواج میں بندھنے کی مبارک باد بھی پیش کی۔
خیال رہے کہ صحیفہ جبار نے 6 دسمبر 2017 کو دیرینہ دوست خواجہ خضر حسین سے شادی کی تھی، ان کی شادی کو 7 سال ہوچکے ہیں۔
اس سے پہلے ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک جون میں اپنے شدید ذہنی مسائل کا اعتراف کرچکی ہیں،انہوں نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا کہ وہ گزشتہ 60 دن سے پرسکون نیند نہیں کرپائیں، وہ بہت مایوس اور اداس ہیں اور وہ گزشتہ دو ماہ سے ہر روز اپنی موت کی تمنا کرتی ہیں۔
صحیفہ جبار نے اپنی سلسلہ وار انسٹاگرام اسٹوریز میں ذہنی صحت پر بات کرتے ہوئے ذہنی مسائل میں مبتلا رہنے کا اعتراف کرتے ہوئے مداحوں سے اپنی صحت یابی کی دعا کی اپیل بھی کی۔ساتھ ہی ماڈل و اداکارہ نے اپنی اسٹوریز میں شوہر کے تعاون اور ان کی محبتوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس پر بات بھی اظہار افسوس کیا کہ ان کے شوہر ان سے کافی دور رہ کر نہ جانے کس حال میں ہوں گے اور ان کی پریشانی کو کس طرح برداشت کر رہے ہوں گے۔
ماڈل نے لکھا کہ انہیں اپنی موجودہ حالات کو سمجھنے اور انہیں قبول کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، وہ بہت ہی غمگین، مسائل سے دوچار، بے سکون اور مایوس ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ان کے ساتھ کیا اور کیوں ہو رہا ہے، وہ گزشتہ 60 دن سے سکون کی نیند نہیں کر سکیں، ان کا وزن 12 کلو تک کم ہوگیا ہے، ان کے اہل خانہ ان کی پریشانی دیکھ کر افسردہ رہتے ہیں۔صحیفہ جبار خٹک نے لکھا کہ دراصل ان کی اپنی ذات سے لڑائی ہے، وہ اپنی وجہ سے ہی تکلیف کا شکار ہیں اور انہیں مذکورہ تکلیف سے اور کوئی آکر نہیں نکال سکتا، انہیں خود ہی اپنا درد برداشت کرنا ہے اور اس سے باہر آنا ہے۔
ان کے مطابق وہ اس قدر مایوس ہو چکی ہیں کہ انہیں کہیں سے کوئی روشنی نظر نہیں آتی، وہ ہر روز اپنی موت کی تمنا کرتی ہیں، انہیں اسی میں حل نظر آتا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ جانتی ہیں کہ وہ ان مسائل سے ضرور نکلیں گی۔
ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کے پاس عیاشی کی ہر چیز موجود ہے، اسے کس چیز کی پریشانی ہے تو میں ایسے افراد کو بتانا چاہتی ہیں کہ دولت اور عیاشی کی ہر چیز آپ کو سکون نہیں دلا سکتی۔
صحیفہ جبار خٹک نے لکھا کہ وہ مذکورہ انسٹاگرام اسٹوریز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے ایک پرتعیش ہوٹل کے آرامدہ بسترے پر لیٹ کر لکھ رہی ہیں لیکن وہ بے سکون ہیں، وہ تکلیف میں ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ خوشی اور روح کو عیاشی کی ضرورت نہیں ہوتی، روح کو قیمتی گاڑی، پیسہ اور دیگر چیزوں کی ضرورت نہیں ہوتی، اسے صرف سکون درکار ہوتا ہے اور سکون ہر کسی کو میسر نہیں ہوتا اور نہ ہی اسے دولت سے خریدا جا سکتا ہے۔
ماڈل و اداکارہ نے ذہنی مسائل پر بات کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ انہیں معلوم ہے کہ انہوں نے مذکورہ جنگ تنہا لڑنی ہے اور ایک دن وہ اس مایوسی سے نکل کر صحت یاب ہوجائیں گی۔
انسٹاگرام اسٹوریز میں انہوں نے ان تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں نیک خواہشات کے پیغامات بھجوائے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں