انکل آنٹیاں مجھے میرے نام سے گانے گا کر چھیڑتے تھے
زندگی گلزار ہے مگر اس میں ڈرامےنہیں چلتے:صنم سعید
لاہور(انٹرٹینمنٹ ڈیسک)ماضی کے مقبول ڈراما سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن میں اپنا نام نہیں پسند تھا کیونکہ ہر آنٹی انکل مجھے دیکھ کر گانا گانے لگتے تھے۔حال ہی میں صنم سعید نے تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان میزبان کے دلچسپ سوالوں کا جواب دیا۔
پروگرام کے دوران اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ انہوں نے 17 سال کی عمر سے پہلے ماڈلنگ شروع کی اور پھر اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا۔اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں بچپن میں اپنا نام پسند نہیں تھا۔
اپنا نام پسند نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے صنم سعید نے کہا کہ ’میرا نام ہر گانے میں ہوتا تھا، ہر آنٹی انکل مجھے دیکھ کر گانا گانے شروع کردیتے تھے‘۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں سُپر ہٹ ڈراما سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ میں ’چائے کا کپ گرنے‘ کے مقبول سین پر بھی بات کی۔یاد رہے کہ اس ڈرامے کے مقبول سین میں سے ایک زارون (فواد خان) کا کشف (صنم سعید) کو شادی کے لیے پروپوز کرنا تھا، اس دوران جب کشف گرم چائے کا کپ پکڑتی ہے تو اچانک چائے گرجاتی ہے اور زارون کشف کے ہاتھ کو جلنے سے بچانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے کرلیتا ہے اور زارون کے اس ’معمولی‘ ردعمل کو دیکھ کر کشف بے حد متاثر ہوتی ہے اور شادی کے لیے رضامندی ظاہر کردیتی ہے۔
اسی سین کے حوالے سے پروگرام کے دوران سوال پوچھا گیا کہ ’کیا آج کے دور میں بھی اس طرح فوراً محبت ہوجاتی ہے؟
جس پر صنم سیعد نے کہا کہ 10 سال پہلے مجھے ایسی باتوں پر یقین نہیں تھا لیکن وقت کے ساتھ زندگی کے تجربات سے احساس ہوا کہ ایسا ہوسکتا ہے۔یاد رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی جوڑی کو 2012 میں نشر ہونے والے مقبول ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ میں سراہا گیا تھا اور ان کے کرداروں کو کافی وقت تک یاد رکھا گیا۔
یہ ڈراما سیریل کئی سالوں تک ٹاپ ٹرینڈ کرتا رہا اس کے علاوہ اسے بھارت اور بنگلادیش سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں بھی بے حد شوق سے دیکھا گیا تھا۔یاد رہے کہ اداکار محب مرزا نے مارچ 2023 میں ایک پروگرام کے دوران صنم سے دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا، صنم سعید سے محب مرزا کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی شادی اداکارہ آمنہ شیخ سے ہوئی تھی، تاہم شادی کے 14 سال بعد 2019 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔نامور میزبان ندا یاسر اور شائستہ لودھی نے محب مرزا کے پروگرام ناک ناک شو میں شرکت کی تھی۔
پروگرام کے آخر میں ندا یاسر نے محب مرزا سے سوال پوچھا کہ ’میں آپ سے ایک چٹ پٹا سوال پوچھوں گی کہ آپ صنم سعید سے کیسے ملے؟جس پر محب مرزا نے جواب دیا کہ ’میں اس سوال کو مزید چٹ پٹا بنا دیتا ہوں کہ میری صنم سے کب رومانوی انداز میں ملاقات ہوئی، اس کا جواب دے دیتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ 2018 کے ڈراما سیریل ’دیدن‘ کے سیٹ پر انہوں نے صنم سعید کو پروپوز کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’دیدن کی شوٹنگ کے دوران میں نے صنم سے اظہار خیال کیا تھا‘، محب مرزا نے اس سے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور ندا یاسر کا پروگرام میں آنے کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ محب مرزا اور صنم سعید کے ڈراما سیریل دیدن کی شوٹنگ پاکستان کے شمالی علاقوں میں کی گئی تھی، اس ڈرامے میں دو پختونوں کی پیچیدہ محبت کی کہانی پیش کی گئی تھی جن کا تعلق مختلف قبائل سے تھا، یہ ڈراما اکتوبر 2018 میں نشرکیا گیا تھا۔صنم سعید اور محب مرزا کی شادی کی افواہیں کئی سال سے گردش کر رہی تھیں، دونوں کو اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا، لیکن دونوں اداکار اپنی شادی کا سوال نظر انداز کر دیتے، آخر کار مارچ 2023 میں ایک پروگرام کے دوران محب مرزا نے صنم سے دوسری شادی پر خاموشی توڑدی تھی۔تاہم اس کے بعد بھی محب مرزا اور صنم سعید اپنی شادی سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہیں۔







