ڈیوڈ کیمرون کی بطور سیکریٹری خارجہ واپسی
ویب ڈیسک:برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک کی جانب سے حیران کن طور پر سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو ملک کا نیا سیکریٹری خارجہ نامزد کر دیا گیا ہے۔ستاون سالہ ڈیوڈ کیمرون نے 2010 سے 2016 تک برطانوی وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں، انہوں نے بریگزٹ ریفرنڈم کے نتائج کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا، جب برطانیہ نے یورپی یونین سے نکلنے کے لیے ووٹ دیا۔برطانیہ کی مرکزی سیاست میں ڈیوڈ کیمرون کی غیر متوقع واپسی اس وقت ہوئی جب انہوں نے گزشتہ 7 سال اپنی یادداشت لکھنے اور کاروبار میں گزارے جس میں گرینسل کیپیٹل، ایک فنانس کمپنی بھی شامل ہے جو بعد میں ختم ہوگئی۔گرینسل کے خاتمے پر سوالات اٹھائے گئے تھے کہ کسی حد تک سابق وزیراعظم حکومتی پالیسی پر اثر انداز ہونے کے لیے اپنی حیثیت کا استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ ڈیوڈ کیمرون نے 2020 میں کمپنی کی لابنگ کے لیے سینئر وزرا سے بار بار رابطہ کیا۔رشی سوناک کے دفتر نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ کنگ چارلس نے ڈیوڈ کیمرون کو برطانیہ کے ایوان بالا یعنی ہاؤس آف لارڈز میں ایک نشست دینے کی منظوری دے دی ہے، جس سے وہ پارلیمنٹ کے منتخب رکن نہ ہونے کے باوجود بطور وزیر حکومت میں واپس آسکتے ہیں۔







