ہمیشہ آزاد زندگی دیکھی۔۔۔۔۔
معلوم نہیں تھا کسی بات کیلئے شریک حیات سے پوچھنا بھی ہوتا ہے: صباء حمید
کراچی (شوبز رپورٹر۔یہ پاکستان)سینئر اداکارہ صباء حمید نے کہا ہے کہ معلوم نہیں تھا کسی بات کیلئے شریک حیات سے پوچھنا بھی ہوتا ہے۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ صباء حمید نے کہا کہ اپنے گھر میں آزادانہ ماحول دیکھا جس وجہ سے کبھی احساس ہی نہیں ہوا کسی بھی کام سے پہلے شوہر کی اجازت بھی لینی ہوتی ہے شائد میری شادی میں بہت سے مسائل اسی لئے پیش آئے، میں نے ہمیشہ وہی کیا جو مجھے صحیح لگا اور میں اب بھی یہی کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد فیمینسٹ تھے، ان کیلئے یہ اصطلاح شائد ٹھیک ہے یا نہیں پتہ نہیں لیکن وہ اپنی آخری سانس تک برابری کے حقوق پر بہت یقین رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ والد نے اپنے تمام بچوں کی پرورش ایسے کی کہ زندگی کے کسی بھی موڑ پر کبھی کسی پر انحصار کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک والدین زندہ تھے ہم بہن بھائیوں کو کبھی محسوس ہی نہیں ہوا کہ کسی ایک کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے اور کسی ایک کو کم، سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوتا تھا، ہمیں جہاں جانا ہوتا ہم چلے جاتے تھے، اگر بھائی کو گاڑی چلانے کی اجازت تھی تو ہم بہنوں کو بھی تھی، اگر گھر دیر سے آنے پر ہم بہنوں کو ڈانٹ پڑتی تھی تو بھائی کو بھی ڈانٹا جاتا تھا، اسی وجہ سے مجھے لگا کہ دنیا میں بھی ایسا ہی ہوتا ہو گا۔اداکارہ نے کہا مجھے نہیں معلوم تھا کہ دنیا مختلف بھی ہو سکتی ہے، مجھے دنیا کے بارے میں بہت دیر سے معلوم ہوا کیونکہ گھر میں آزاد خیال ماحول تھا، میری والدہ آزاد خیال خاتون تھیں، وہ تھوڑی بہت قدامت پسند سوچ ضرور رکھتی تھیں لیکن میرے والد انہیں آزاد خیال رکھتے تھے۔







