پاکستانی کرکٹ کو کوچ مل گئے کیا؟
بھارت کو دوہزار گیارہ کا ورلڈ کپ جتوانے والے گیری کرسٹن اور سابق آسٹریلین بائولرجیسن نیل گلیسپی کی خدمات حاصل کرنے کے مراحل تکمیل کے قریب ہیں۔
جب کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور ورلڈ کپ کے فاتح مشتاق احمد کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے قبل ٹیم کا اسپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا۔
راجا ریاض۔لاہور
لگ رہا ہے وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنے کوچز دستیاب ہوجائیں گے۔ غیر ملکی کوچز سے معاملات کو حتمی شکل سے دی گئی ہے اوریوں لگتا ہے جیسے پاکستان کر کٹ بورڈ کی تلاش کا سفر ختم ہونے کو ہے گیری کرسٹن اور جیسن نیل گلیسپی کی تعیناتی کا باضابطہ اعلان نیوزی لینڈ سیریز کے اختتام پر کیے جانے کا امکان ہے۔ بھارت کو 2011 کا ورلڈ کپ جتوانے والے گیری کرسٹن کسی تعارف کے محتاج نہیں۔امید کی جا رہی ہے کہ انہیں محدود اوورز جبکہ آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی ریڈ بال کے کوچز ہوں گے۔حال ہی میں وقتی طور پر ہیڈ کوچ مقرر کیے گئے اظہر محمود دونوں فارمیٹ میں اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔نئے کوچز کا پہلا اسائنمنٹ آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی جو مئی میں کھیلی جائے گی۔

ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کرکٹ بورڈ غیر ملکی کوچز کی تلاش میں بولایا پھر رہا تھا خبرہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور ورلڈ کپ کے فاتح مشتاق احمد کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے قبل ٹیم کا اسپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا ہے اور وہ بنگلہ دیشی ٹیم کی صلاحیتوں کو نکھاریں گے۔
بی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مشتاق احمد رواں ماہ کے آخر میں زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے تیاری کے کیمپ سے قبل ٹیم میں شامل ہوں گے اور ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے اختتام تک بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔‘

مشتاق احمد نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا بطور اسپن باؤلنگ کوچ حصہ بننے کو اپنے لیے اعزازقراردیا ہے۔اور امید ظاہر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں اس کردار کی طرف دیکھ رہا ہوں اور اپنا تجربہ کھلاڑیوں تک پہنچانا چاہتا ہوں کیونکہ وہ کوچنگ کے قابل ہیں اور مجھے ہمیشہ یقین ہے کہ وہ دنیا کی سب سے خطرناک ٹیموں میں سے ایک ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ کسی کو بھی شکست دے سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس صلاحیت، وسائل اور ہنر ہے،‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان میں یہ یقین پیدا کرنے کی کوشش کریں گے اور ان کے ساتھ کام کرنے کے موقع پر ’بہت پرجوش‘ ہیں۔
مشتاق احمد انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے اسپن باؤلنگ کوچ بھی رہے ہیں اور دو سال تک گرین شرٹس کے باؤلنگ کنسلٹنٹ کے عہدے پر فائز رہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنی چھ سالہ وابستگی کے دوران، انگلینڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ، متعدد ایشز سیریز جیتیں اور تینوں فارمیٹس میں آئی سی سی ٹیم رینکنگ بہترین رہی۔
ہم کہہ سکتے ہیں کہ خوب سے خوب تر کی تلاش میں سبھی فارن کوچز کو اہمیت دے رہے ہیں اور اس سفر میں ہم اکیلے نہیں۔امید کرتے ہیں پاکستانی ٹیم نئے کوچز کو دل و دماغ سے قبول کر کے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔







