عمران خان ۔۔۔۔پی ٹی آئی کے چئیر مین نہیں ہوں گے۔۔۔
عمران خان نے عارضی چیئرمین کے عہدے کے لیے بیرسٹر گوہر علی خان کا نام دیا ہے
ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن 2 دسمبر بروز ہفتے کو کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے عارضی چیئرمین کے عہدے کے لیے بیرسٹر گوہر علی خان کا نام دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صرف ایک کیس توشہ خانہ میں سزا سنائی گئی ہے، اس میں انہیں شہادت پیش کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عارضی طور پر انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا کہا ہے، جب تک عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں ہوتا، اس وقت تک وہ پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔
علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کوئی بہانہ نہیں دینا چاہتے کہ وہ بلے کا انتخابی نشان پارٹی سے واپس لے، الیکشن میں حصہ نہ لینے دے یا پارٹی کے نامزد امیدواروں کی نامزدگی کو مسترد کردے، میں ایسا کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتا۔
علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، جب بھی الیکشن ہوں گے، ہم جیتیں گے، میں عام انتخابات میں حصہ لینا چاہتا ہوں، انٹرا پارٹی الیکشن میرے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں توشہ خانہ کیس کا جلد فیصلہ ہو، فیصلے کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ لڑ لوں گا، فی الحال آپ عارضی طور پر انٹرا پارٹی کے انتظامات کریں، اس کے تمام تضاضے پورے کریں، جو بھی پینل ہے، میں اس کی منظوری دیتا ہوں، اس کو سینئر پارٹی قیادت سے فیصلہ کروالیں اور الیکشن کرائیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عارضی چیئرمین کے عہدے کے لیے برسٹر گوہر خان کا نام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مائنس ون ہے، نہ کوئی ’بغاوت‘ ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے انہیں عارضی امیدوار بنایا ہے۔







